اسلام آباد ۔ 3 اگست (اے پی پی) سارک کے وزراءداخلہ/ہوم منسٹرز کے اجلاس سے ایک دن قبل بدھ کو یہاں رکن ممالک کے سیکرٹریز داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں تعاون کے متفقہ شعبوں پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، خطہ کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے تجربات سے استفادہ اور علم کی شراکت کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلہ میں تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ تجاویز وزراءداخلہ کے اجلاس کے سامنے پیش کی جائیں گی تاکہ ان پر غور کیا جا سکے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پاکستان عارف احمد خان کو سارک کے داخلہ سیکرٹریز کے ساتویں اجلاس کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ نے ریمارکس میں وفود کا خیرمقدم کیا اور اپنے انتخاب پر ان سے اظہار تشکر کیا۔ عارف احمد خان نے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ سارک ممالک ایک ایسے خطہ کی نمائندگی کرتے ہیں جن کی مشترکہ سرحدیں اور ثقافتی یگانگت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں بلکہ ہمارے درمیان تاریخی روابط بھی ہیں، ہمارے مشترکہ چیلنجز، مشترکہ رسپانس کا مطالبہ کرتے ہیں اور سارک رکن ممالک کو ایک دوسرے کی دانش اور تجربہ سے استفادہ کیلئے ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=14107