سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو گئے ہیں، وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

398
پی ٹی آ ئی نے چار سا ل میں ملکی معیشت کو تباہ کیا،شہباز شریف نے ڈیفالٹ سے بچایا،جاوید لطیف
پی ٹی آ ئی نے چار سا ل میں ملکی معیشت کو تباہ کیا،شہباز شریف نے ڈیفالٹ سے بچایا،جاوید لطیف

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو گئے ہیں، سازشیوں کے اعتراف جرم کے بعد پارلیمانی کمیشن تشکیل دیکر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ہفتہ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمسلم لیگ ن کے راہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ آڈیو ویڈیو کے بعد آج بہت سے لوگ اعتراف جرم کر رہے ہیں۔

اعتراف جرم کے مطابق سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو گئے ہیں۔ اسی سازش کے نتیجے میں دو روپے کی روٹی 25 روپے اور 140 روپے کلو والا گھی 700 کا کلو ہو گیا ہے، ملک میں سازشی کردار وں کاکوئی احتساب نہیں ہوتا ۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ لاہور میں وزیرآباد واقعہ جیسا ایک اور واقعہ بے نقاب ہو گیا۔ ایک جماعت اور اسکےرہنماء قتل جیسا الزام لگانے سے باز نہیں آتے اورلاشوں پر سیاست کرتے ہیں ۔

لیگی رہنماء کا کہنا تھا یہاں ایٹمی قوت بنانے والے کو ہائی جیکر بنا دیا گیا۔ جعلی صادق اور امین کو بچانے کے لیے ریاستی وسائل استعمال ہو رہے ہیں۔ اس سازش اور جرم پر معافی مانگنے کی بجائے اسی طاقت سے سب چیزوں کو ریورس کیا جائے۔ لاہور حادثے پر جھوٹ بولنے والوں کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے۔انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اس قومی جرم پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔