سالانہ تبلیغی اجتماع رائیونڈ کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

174

لاہور۔30اکتوبر (اے پی پی):لاہور ٹریفک پولیس نے سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ کیلئے ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔چیف ٹریفک آفیسرعمارہ اطہر نے بتایا کہ ایس پی صدر شہزاد خان تمام تر انتظامات کی مکمل سپرویژن جاری رکھیں گے ۔ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 13 ڈی ایس پیز، 203 ٹریفک انسپکٹرز تعینات کیے گئے ہیں ۔110 پٹرولنگ افسران، 999 ٹریفک وارڈنز، 10 فوک لفٹرز، 5 بریک ڈائونز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رائے ونڈ میں مانیٹرنگ اور سرویلنس کیلئے سپیشل کنٹرول روم اور کیمپ آفس بھی قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اجتماع کے شرکاء کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 7 سٹینڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔

عمارہ اطہر نے کہا کہ پارکنگ سٹینڈز کے علاوہ کہیں گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہو گی، راستہ ایف ایم اور راستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی کی صورت میں گاڑیوں کیلئے تمام روڈز کو کلیئر رکھا جائے گا۔عمارہ اطہر نے ٹریفک وارڈنز کو مشکوک افراد اور لاوارث اشیا پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی ٹی روڈ سے آنے والے شرکا کو براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا، راولپنڈی، اسلام آباد کی طرف سے آنے والے شرکا کو براستہ موٹروے ٹھوکر نیازبیگ رائے ونڈ بھجوایا جائے گا، اوکاڑہ کی طرف سے آنے والے شرکا براستہ مانگابائی پاس رائیونڈ اجتماع میں پہنچیں گے ، قصور کی طرف سے آنے والے شرکا براستہ للیانی صوئے آصل پارکنگ میں جاسکیں گے، بھٹی چوک سے آنے والی گاڑیوں کو برہان چوک براستہ بارہ آئل ملز چوک پارکنگ میں بھجوایا جائے گا، خواص روڈ اور سندر روڈ کو ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے کلیئر رکھا گیا ہے۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ کوئی بھی گاڑی شاہدرہ چوک یا سگیاں پل، بند روڈ سے رائے ونڈ نہیں بھجوائی جائے گی، دیگر صوبوں سے آنے والے شرکا موٹروے اور لاہور رنگ روڈ استعمال کریں گے۔