اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ سال رواں کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کا حجم ریکارڈ دو ارب ڈالر سے تجاوز کرجائے گا، مستقبل قریب میں دونوں ملک بارڈر مارکیٹس بھی کھولیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب ایران کی 44 ویں سالگرہ کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی تھے جبکہ وفاقی وزیر سیفران سینیٹر محمد طلحہٰ محمود، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیاسی رہنمائوں اور سفارتکاروں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کی رفتار تیز ہوئی ہے، گزشتہ تین سال میں دو نئے بارڈر کراسنگس کا پشین۔مند اور رمدان۔گبید کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اقتصادی تعاون کے 21 ویں مشترکہ کمیشن کا اسلام آباد میں کامیابی سے انعقاد کیا گیا جبکہ 2022 میں پاکستان کے مختلف شہروں میں پانچ سے زائد خصوصی تجارتی نمائشیں منعقد کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے ایرانی حکومت نے ایک ماہ قبل پاکستانی برآمدی سامان کے تجارتی ٹیرف کو ہٹا دیا گیا، دو ہفتے قبل ایران سے پاکستان کو بجلی کی برآمد میں دوگنا کرکے اسے 200 میگاواٹ سے زائد کیا گیا۔
سید محمد علی حسینی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مواقع بہت زیادہ ہیں، سیاحت کو مذہبی سیاحت کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں وسعت دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کو بینکنگ تعلقات، ایران پاکستان گیس پائپ لائن، توانائی کے شعبے میں تعاون پر مثبت اور تعمیری سوچ کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران خطے میں جغرافیائی تزویراتی محل وقوع، بے پناہ قدرتی وسائل، مسابقتی اور اقتصادی توانائی، انسانی وسائل اور ایک بڑی ممکنہ مارکیٹ سے فائدہ اٹھاسکتاہے۔
انہوں نے ترکیہ اور شام کی حکومت اور عوام کے ساتھ شدید زلزلے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سائنسی، تکنیکی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں خود کفالت حاصل کر رہا ہے، ایران نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں بہادرانہ قربانیوں کے ساتھ خطے اور دنیا کے استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی44 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مزید فروغ پارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں حالیہ برسوں کے دوران اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب میں انڈونیشیا، فلسطین سمیت اسلامی ملکوں کے علاوہ جنوبی کوریا اور ویت نام کے سفیروں، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوں، صحافیوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔