اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):سال2022ء میں ون ڈے رینکنگ میں 137ویں نمبر پر رہنے والا بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج 2023ء میں دنیا کا نمبر ون بائولر بن گیا۔ محمد سراج نے 2019ء میں ایڈیلیڈ اوول میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا تاہم وہ اپنے پہلے میچ میں کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے،
انہیں جسپریت بمرا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، اپنے ڈیبیو میچ کے وقت وہ ون ڈے بائولرز ریننگ میں 236 نمبر پر تھے لیکن اس کے بعد ایک سال تک کرکٹ نہ کھیلنے کے باعث چارٹ سے ہی باہر ہوگئے۔ بھارت نے اکتوبر 2022ء میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنے کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کیا، اس سے آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے محمد سراج کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے ایک مرتبہ پھر کھل گئے۔
محمد سراج اپنے کیریئر کے ساتویں میچ میں پہلی مرتبہ ٹاپ 100 رینکنگ میں شامل ہوگئے، ان کو یہ سات میچ کھیلنے میں 3 سال کا وقت لگا لیکن حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بائولر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے بعد تین میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے زبردست چھلانگ لگائی،
جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں تین وکٹ لے کر محمد سراج ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ50 میں شامل ہوگئے۔ 2022ء میں اپنے آخری میچ کے بعد سراج23.50 کی اوسط سے 15 اننگز میں24 وکٹیں لے کر آئی سی سی کے مطابق دنیا کے 22 ویں بہترین بائولر بن گئے۔2023 ء میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف صرف پانچ میچوں میں15 وکٹیں لینے کے بعد پہلی بار وہ نمبر ون پوزیشن پر آگئے ،
سراج نے اس سال اپنی فارم کو برقرار رکھا اور ٹاپ10 میں رہے، انہوں نے 13 میچوں میں 12.86 کی اوسط سے 29 وکٹیں حاصل کیں۔ ایشیا کپ کی خراب شروعات نے انہیں ٹاپ فائیو سے نیچے پہنچا دیا لیکن فائنل میں سری لنکا کے خلاف 21 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے وہ ایک مرتبہ پھر ون ڈے کے نمبر ون بائولر بن گئے۔