اسلام آباد۔15دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جبکہ 16دسمبر 2014 کے دن کو ملک کی تاریخ کے سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی 7ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے واقعہ میں 132 سے زیادہ بچوں اور اساتذہ کے شہادت نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیاتھا ۔
انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے اُن معصوم ہیروز دہشتگردی سے پاک اور تعلیم یافتہ پاکستان کے لئے قوم کو متحد ہونے کا پیغام چھوڑ کر گے ہیں۔سپیکر نے کہا کہ 7 سال بعد بھی سانحہ اے پی ایس ناقابل برداشت درد کی موجودگی کے طور پر محسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو شہداء کے خاندانوں پر فخر ہے جنہوں نے اس عظیم صدمے کو برداشت کیا ہے،پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ سپیکر نے سانحہ اے پی ایس کے معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع کو ایک بہت بڑا قومی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اے پی ایس کے معصوم ہیروز کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سانحہ آرمی پبلک سکول آج بھی ہمارے دل میں روز اول کی طرح تازہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ موقع تھا جب پوری قوم دہشتگردی کہ خلاف متحد ہو گئی اور ہماری مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزکا اعادہ کیا جس کے نتیجہ میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوا ہے،ہماری مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشتگردی کے ہمیشہ کے خاتمے کے لیے تعلیم کو اپنی میراث بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے بچوں کے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دینگے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں اور اس کے سدباب کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سب کو مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول اس اندوہناک سانحے کی یاد دلاتا ہے جب دہشتگردوں نے معصوم بچوں کا شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور کسی بھی قسم کی معافی کے حقدار نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے دلوں میں آج بھی سانحہ اے پی ایس کے شہیدوں کی یاد تازہ ہےاور شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔