سانحہ اے پی ایس قومی تاریخ کا ایک بھیانک دن ہے، بلاول بھٹو زرداری

135

کراچی۔ 16 دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو قومی تاریخ کا ایک بھیانک دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہولناک خونریزی کی یاد ہر پاکستانی کے ذہن میں آج بھی تازہ ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں اس سانحہ کے معصوم شہدا اور ان کے اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے خاندانوں سے ایک بار پھر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو شہدا کو بھولیں گے اور نہ ہی اس سانحہ کو، ہم دہشتگردی کے متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

شہدا کے خاندانوں کا غم مجھ سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا، کیونکہ میں شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں انتہاپسندی و دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ پاکستانی قوم کو پھر کبھی سانحہ اے پی ایس جیسے لمحات سے گزرنا نہ پڑے۔ ہمیں انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنا ہوگی اورہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔