اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے لئے تیار کیا، پوری قوم دہشت گردی کی باقیات کو حتمی طور پر ختم کرنے کے لئے یکجا ہے۔
جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا ءکی آٹھویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ شر پسند عناصر نے نہتے کمسن بچوں پر حملہ کیا، شہید کر کے انسانیت سوز ظلم کیا، سانحہ اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے لئے تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 سال گزر جانے کے باوجود اس دل خراش واقعہ کی یاد آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے،
16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداءکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کی باقیات کو حتمی طور پر ختم کرنے کے لئے یکجا ہے، دہشت گردی کی کوئی کوشش دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں دہشت گردی کے خلاف اپنی قیمتوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی بھی یاد دلاتا ہے، یہ دن عالمی برادری کے لئے بھی یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور ہمیں مل کر دنیا سے اس کا خاتمہ کرنے کی اپنی کوشش مزید تیز کرنا ہوں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آرمی پبلک سکول کے شہداءکے درجات بلند کرے۔