فیصل آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی):نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی خصوصی ہدایت پرجمعہ کو نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق و ویمن امپاورمنٹ خلیل جارج نے جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میں کرسچین بستی کے کیتھولک چرچ سمیت مختلف چرچز کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ سانحہ جڑانوالہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی سازش بے نقاب کرنے سمیت ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا اورتمام نقصان کا ازالہ کیا جا ئیگا۔اس موقع پرکمشنرفیصل آباد سلوت سعید،آر پی آر ڈاکٹر محمد عابدخاں،سی پی اوعثمان اکرم گوندل، ایس ایس پی آپریشنزڈاکٹر رضوان اورپولیس کے دیگراعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
نگران وفاقی وزیر نے مسیحی برادری کے رہنماؤں اور متاثرین کے علاوہ میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ بہت بڑااوربہت برا واقعہ ہوا ہے، مسیحی برادری کو کوئی یسوع مسیح کی محبت سے جدا نہیں کرسکتالہٰذاجو لوگ بھی اس واقعہ میں ملوث ہیں وہ مسلمانوں اور مسیحی برادری میں فسادات پھیلانا چاہتے ہیں جبکہ امن دشمنوں نے مسلمان بھائیوں اور مسیحیوں میں نفاق ڈالنے کی گھناؤنی سازش کی ہے جسے کسی صورت برداشت یا نظرانداز نہیں کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں گوجرہ،شانتی نگراورجوزف نگرمیں اسی قسم کے واقعات ہوچکے ہیں جن میں ملوث ملزمان اپنے انجام کو پہنچے اور نقصان کا تدارک کیا گیا اسلئے وہ اب بھی یقین دلاتے ہیں کہ جن جن لوگوں کا جوجو نقصان ہوا ہے حکومت اس کا ازالہ کرے گی اورملزمان کوبلاتفریق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔خلیل جارج نے کہا کہ آپ نے صبر و تحمل سے رہنااور جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا ہے تاکہ مذکورہ سازش میں ملوث عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں اس واقعہ کے مرکزی ملزمان گرفتار اور سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں وہیں سانحہ جڑانوالہ کی5 ایف آئی آرزدرج ہو چکی اوراب تک128 ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین و قانون کے مطابق تمام مذاہب کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بدنام کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی چاہے وہ ملک میں ہوں یا ملک سے باہر۔نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق نے مزید کہا کہ مسلمان بہن بھائی اپنے مسیحیوں کیساتھ کھڑے ہیں اوروہ یقین سے کہ سکتے ہیں کہ جوبھی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت یسوع مسیح کی تعلیمات پر یقین رکھتاہے وہ ایسا کام نہیں کرسکتاکیونکہ وہ معاف کرنا جانتا ہے لہٰذا مختلف ادارے اس واقعہ کی تہہ تک پہنچنے کیلئے اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ نہ صرف اصل حقائق کو منظر عام پر لایا بلکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا مستقل تدارک یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کے جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات میں جتنے گھروں اور چرچزکو نقصان پہنچایا گیاہے ان کا تخمینہ لگایاجارہا ہے لہٰذاحکومت اس نقصان کو خود پورا کرے گی۔انہوں نے مسیحی برادری کے قائدین کو ہدایت کی کہ خود بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کمشنر صاحبہ سے رابطہ رکھیں۔ خلیل جارج نے کہا کہ جن لوگوں نے بھی یہ کام کیا وہ مسلمان نہیں ہو سکتے اسلئے قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہر ہر پہلو سے اس واقعہ کی چھان بین کرکے آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ کسی کے ساتھ بلاجواز زیادتی نہ ہو تاہم یہ آپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے دشمن کا دھیان رکھیں کہ کون ہے جوایسی گھناؤنی سازش کے ذریعے آپ لوگوں میں نفاق ڈالنا چاہتا ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ جن لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے ان کے گھر بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام لا اینڈ آرڈر ایجنسیز آپ کے ساتھ اورپوراملک آپ کے ہمراہ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہم آپ کیساتھ ہیں بلکہ پورا وفاق،پنجاب اورپاک فوج بھی آپ کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مسالک مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں اور آپس میں نفاق ڈالنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اسلئے ہم سب نے مل کر اسے مضبوط اور اس کی سالمیت کونقصان پہنچانے والوں کی ناپاک کوشش کو ناکام بنانا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=380523