واشنگٹن۔25اگست (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت سانحہ جڑانوالہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے،پاکستانی کمیونٹی سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے میں مدد کریں۔ انہوں نے گزشتہ روز امریکی ریاست جارجیا کے دارالحکومت اٹلانٹا کے مسیحی رہنمائوں کے ساتھ ورچوئل اجلاس کے دوران کہا کہ جڑانوالہ میں 16اگست کو ہونےوالے واقعہ ہمارے معاشرے اور ،ہمارے مذہبی تعلیمات کے منافی ہے ،مذہب اسلام انسانیت کے لیے امن کا درس دیتا ہے۔
یہ اجلاس پاکستانی امریکن فریڈز آف اٹلانٹا ٹیم(پی اے ایف اے) کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں گلوریا جوزف، شارون فرحت، سولومون لوک، جوناتھن میسے، فلیویا بھردواج، ڈیوڈ سیسل اور دیگر نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہمارا معاشرہ ایک جامع معاشرہ ہے اور رہے گااور سانحہ جڑانوالہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، 16اگست کا دن پاکستان کے لیے سیاہ دن تھا جب معصوم لوگوں کو چوٹ پہنچائی گئی اور چرچز کو جلا یا گیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی قیادت، سول سوسائٹی اور تمام مذہبی جماعتوں کے سربراہان نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی ایک معاشرے کے طور پر اکٹھے رہتے ہیں اور مسیحی بھائیوں کی طرف سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تعاون ہمارے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے پاک امریکن کمیونٹی سے مطالبہ کیا کہ سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین کی اس مشکل وقت میں ان کے زخموں پر مرہم رکھنے میں مدد فراہم کریں ۔
پاکستانی سفیر نے جڑانوالہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے انتہا پسندی کی لہر سے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت اور رابطے جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔