سانحہ موسیٰ خیل انتہائی دردناک ہے، صوبائی بلوچستان قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی،صوبائی مشیر سردار بابا غلام رسول عمرانی

139

کوئٹہ۔ 26 اگست (اے پی پی):صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ سانحہ موسیٰ خیل کا واقعہ انتہائی دردناک ہے ، اس دہشت گردی کے عمل میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ، جان بوجھ کر بلوچستان کے حالات کو ابتر کیا جا رہا ہے ، حکومت بلوچستان قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی ، پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام کے لوگ آپس میں بھائی بھائی ہیں اور سب لوگ مادر وطن کے جذبے سے سرشار ہیں ، لسانیت کی بنیاد پر اپنے بھائیوں کا خون بہانا ناقابل معافی عمل ہے ، بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے لوگوں کو یہاں پر جینے کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔

اپنے جاری بیان میں سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ اس گھناونے عمل میں ملوث عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا کیونکہ بیرون ملک دشمن عناصر بلوچستان میں کھلی دہشت گردی کر کے خون کی ہولی کھیلنا چاہتے ہیں مگر ہم دشمن قوتوں کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ کبھی بھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے پوری قوم پاک فوج کے سپوتوں کے ساتھ سینہ سپرد ہو کر کھڑی ہے ، پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں اور انتشار پھیلانے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔