کوئٹہ۔ 29 اپریل (اے پی پی):بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میرعطاءاللہ لانگو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سانحہ نوشکی پرجیسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر جامع حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہے۔منگل کو اپنے بیان میں صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے نوشکی میں آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے واقعے میں کئی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ سانحہ نوشکی نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک دلخراش لمحہ ہے،وکلاء برادری غم کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نےکہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر جامع حکمتِ عملی اپنانا ناگزیر ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔