سانحہ کار ساز کے شہداء نے اپنی جانیں قربان کر کے تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش داستان رقم کی،بلاول بھٹو زرداری

169

کراچی۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ کار ساز کے شہداء نے اپنی جانیں قربان کر کے تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش داستان رقم کی،جو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم جمہوریت کی خاطر ہر مشکل کا مقابلہ کرنے اور جیتنے کا عزم رکھتی ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 16 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس ہولناک اور خونریز سانحے کا غم و غصہ آج بھی قوم کے ذہنوں میں کل کی طرح تازہ ہے، آج کے دن ہم سانحہ کارساز کے 180 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے لئے اللہ تعالیٰ سے رحمت کے طلب گار ہیں۔میں، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے، شہداء کے خاندانوں سے بھی یکجہتی کا اظہار اور سلام پیش کرتا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007کا دن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کی شکل میں،دراصل، ملک میں جمہوریت کا ازسرِنو آغاز تھا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن غریب عوام کو بنیادی حقوق اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک جمہوری اور معاشی طاقت بنانا تھا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک جامع ویژن و مشن کے ساتھ 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس آئیں تھیں، وہ مشن عوام کو بے روزگاری، غربت اور ناانصافیوں سے جان چھڑانا اور انہیں خوشحالی، تحفظ اور انصاف دینا تھا، میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس ویژن و مشن کو عملی جامہ پہنائیں گے، ہم اپنے ملک کو عالمی سطح پر سیاسی، معاشی اور جمہوری طاقت بنائیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا تھا کہ حالات کتنی ہی کٹھن کیوں نہ ہوں، منزل تک پہنچنے کے لئے ہمارے سامنے ایک راستہ ضرور موجود ہوتا ہے۔