سانگلہ ہل ،صبح 9 بجے تک رمضان بازار و سیل پوائنٹس فعال ہونے چاہیں تاکہ خریداروں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،ڈپٹی کمشنر

123

سانگلہ ہل ۔ 03 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت رمضان سہولت بازاروں اور سیل پوائنٹس پر چینی کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائے کے حوالے سے اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی او انڈسٹریز ضلعی افسران سمیت شوگر ملوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے شوگر ملز انتظامیہ کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تینوں رمضان بازاروں اور 12 سیل پوائنٹس پر چینی کی وافر مقدار میں دستیابی شوگر ملوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے افسران اور شوگر مل انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سپلائی چین میں تعطل نہ آئے ، صبح 9 سے شام05:30 بجے تک رمضان بازاروں اور سیل پوائنٹس پر چینی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ صبح 9 بجے تک رمضان بازار اور سیل پوائنٹس ہر صورت مکمل فعال ہونے چاہیں تاکہ خریداروں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کے لیے رمضان بازاروں اور سیل پوائنٹس پر مارکیٹ سے 22 روپے فی کلوگرام کم میں چینی دستیاب ہے اور دیگر اشیاءضروریہ مارکیٹ سے 15 سے 20 فیصد رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی افسران فیلڈ میں نکلیں اور مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے عناصر کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں۔انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جونیجو کو ہدایات دیں کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ضلع کے تمام شہروں اور قصبوں میں تعینات کیا جائے اور رمضان المبارک کے دوران ہر قصبہ کے بازار میں ایک مجسٹریٹ صبح 09 سے شام 06 بجے تک موجود رہے گا۔

ہر بازار میں تعینات پرائس مجسٹریٹ اشیاءکی کوالٹی اور مقررہ کردہ نرخوں پر فروختگی کو یقینی بنائے گا۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ ضلع کے کسی بھی بازار سے مہنگی اشیاءفروخت کرنے کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ذمہ دار ہو گا اس کے خلاف سخت کاروائی کروں گا۔