سانگلہ ہل ، رمضان المبارک میں 38 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک نظر آئیں گے ،ڈپٹی کمشنر ننکانہ

90

نمائندہ۔ 03 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نےصحافیوں کے ہمراہ سستے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا ، انہوں نے رمضان بازار میں اشیاءکی کوالٹی ، قیمتوں سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین سمیت دیگر ضلعی افسران بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ننکانہ کی تینوں تحصیلوں میں سستے رمضان سہولت بازار اور 12 سیل پوائنٹس مکمل طور پر فعال ہیں ، سستے رمضان بازاروں میں عوام الناس کے لیے اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر وافر مقدار میں موجود ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تینوں رمضان بازاروں اور 12 سیل پوائنٹس پر چینی 130 روپے فی کلوگرام فراہم کی جا رہی ہے۔

رمضان سہولت بازاروں میں چکن 20 سے 22 روپے، بیف و مٹن مارکیٹ سے 50 روپے فی کلوگرام تک سستا فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اشیاءخوردنی ، دالیں ، سبزیاں ، و پھل سمیت مشروبات بھی مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں اور تمام اقسام کے چاول 20 سے 25 فی کلو گرام اور ٹوٹا چاول 40 روپے فی کلوگرام مارکیٹ سے کم ریٹ پر دستیاب ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہریوں کو سستے رمضان بازاروں میں آٹا 800 روپے فی تھیلا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز و بازار انچارج سستے رمضان بازاروں کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر قائم کیے جانے والے سستے رمضان بازاروں اور سیل پوائنٹس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سستے رمضان بازاروں میں بزرگ و معذور افراد کا سامان اٹھانے کے لیے مددگار اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں ، رمضان بازاروں میں شکایات کاونٹرز ، میڈیکل کیمپ ، صفائی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ، رمضان بازاروں میں خریداروں کے بیٹھنے کیلئے بہترین انتظامات موجود ہیں۔سستے رمضان سہولت بازاروں میں مرد و خواتین کیلئے نماز پڑھنے کا الگ انتظام موجود ہے۔

صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے ایام میں 38 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک نظر آئیں گے ، قانون کے مطابق ہر مجسٹریٹ کو روزانہ 30 مقامات کو چیک کرکے وزٹ ایپ پر اپ لوڈ کرنے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور مقررہ کردہ ریٹس پر اشیا کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔