سانگھڑ ضلع پولیس کی کارروائیاں، رہزنی اور پولیس مقابلے کے تین ملزمان ، منشیات فروشوں سمیت 10 افراد گرفتار

92

حیدرآباد۔ 23 جنوری (اے پی پی):سانگھڑ ضلع پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران رہزنی اور پولیس مقابلے کے تین ملزمان ، منشیات فروشوں سمیت 10 افراد کو گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پسٹل اور ایک ریپیٹر گن، 02 کلو چرس اور 2315 پڑیاں مضر صحت گٹکا برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ ضلع پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ایس ایچ او بیرانی وسیم احمد ارباب نے رہزنی کے مقدمے میں گرفتار زیر تفتیش ملزمان عامر اور غلام رضا سے واردات میں استعمال کیا جانے والا ٹی ٹی پسٹل اور لوٹی گئی ریپیٹر گن برآمد کرلی ہے۔

اس کے علاوہ ایس ایچ او شاہ پور چاکر محمد یوسف نے دوران ناکہ بندی پولیس مقابلے اور اقدام قتل کے 2 ملزمان یاسین شر اور امداد شر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پسٹل اور 1960 گرام چرس برآمد کرلی ہے۔ ایس ایچ او ٹنڈوآدم نیاز حسین کلہوڑو نے منشیات فروشوں بہادر خاصخیلی، امجد بروہی، ذاکر اور محمد عمران سے مجموعی طور پر 1855 مختلف قسم کی گٹکا پڑیاں برآمد کرلی ہیں جبکہ ایس ایچ او سنجھورو محمد یاسین نے منشیات فروشوں معشوق علی اور ڈاڈو خاصخیلی سے 460 پڑیاں مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔