حیدرآباد۔ 26 فروری (اے پی پی):سانگھڑ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 4 منشیات فروشوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرکے سینکڑوں پڑیاں مضر صحت گٹکہ اور شراب برآمد کر لی۔ ایس ایس پی سانگھڑ کیپٹن (ر) صدام حسین نے سنجھوروں میں خاتون سےزیادتی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سنجھورو کو مقدمہ درج کرکے ملزمان کی فوری گرفتاری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے احکامات جاری کئے، جس پر ایس ایچ او سنجھوروں نے واقعے میں ملوث ملزمان دکش رائے مہراج اور لال چند بھیل کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دیگر کارروائیوں میں ایس ایچ او پیرومل منیر احمد جتوئی نے آتش زنی اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ملوث تینوں ملزمان علی حیدر چانڈیو، طفیل چانڈیو اور جانی چانڈیو کو گرفتار کرلیا۔ ایک اور کاروائی میں منشیات فروش غلام اصغر عرف برفو چانڈیو کو گرفتار کرکے 220 پڑیاں مضرصحت گٹکا برآمد کر لیں۔
ایس ایچ او سانگھڑ علی اکبر کھوکھر نے منشیات فروش محمد سرور شیخ کو گرفتار کرکے 410 پڑیاں مضر صحت گٹکا برآمد کر لی۔ اس کے علاوہ ایس ایچ او سنجھورو عبدالمجید آرائیں نے منشیات فروش ممتاز علی بروہی کو گرفتار کر کے 20 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی جبکہ دیگر کارروائی میں ایس ایچ او بی سیکشن غلام شبیر دلوانی نے منشیات فروش سائیں بخش مہکانی کو گرفتار کر کے 20 لیٹر شراب برآمد کرلی۔