ساہا ایکسپو اختتام پذیر، پاکستان کی دفاعی فرم کا ترکیہ ایٹیسکی لمیٹڈ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کا معاہدے طے پا گیا

289
ساہا ایکسپو اختتام پذیر، پاکستان کی دفاعی فرم کا ترکیہ ایٹیسکی لمیٹڈ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کا معاہدے طے پا گیا

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):چار روزہ ساہا ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نمائش 2022 ترکیہ میں اختتام پذیر ہوگئی جس میں پاکستان سمیت عالمی شرکا کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور جدید دفاع، ایوی ایشن، ایرو اسپیس اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مصنوعات کی وسیع السطح نمائش کا اہتمام کیا ۔

گلوبل ڈیفنس انسائٹ، پاکستان سے ساہا ایکسپو کے آفیشل میڈیا پارٹنر اور ایک اہم دفاعی نیوز پورٹل نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ پاکستان کی واہ انڈسٹریز لمیٹڈ (ڈبلیو آئی ایل)اورترکیہ کی ایٹیسکی لمیٹڈ نے ساہا ایکسپو 2022 کے موقع پر ایمونیشن لائن پراجیکٹ کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

ساہا ایکسپو ایک دو سالہ دفاعی، ہوا بازی اور خلائی صنعت کا میلہ ہے، جس کا انعقاد ساہا استنبول نے کیا ہے جو کہ ترکی اور یورپ کا سب سے بڑا صنعتی اجتماع ہے جس میں 876 کمپنیوں اور 24 یونیورسٹیوں کا کنسورشیم ہے۔ ترکیہ کی پریزیڈنسی نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت قومی دفاع، وزارت صنعت و ٹیکنالوجی، وزارت تجارت، ایوان صدر دفاعی صنعت اور دیگر سول اور ملٹری پبلک اداروں کے اشتراک سے اس میگا دفاعی نمائش کا انعقاد کیا ہے۔

ساہا ایکسپو 2022 ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس نے ترکیہ کی بڑھتی ہوئی ملکی پیداوار کی صلاحیت اور اس کی خود مختار پیداواری صلاحیت کی عکاسی کی ہے۔ ایکسپو نے ہائی ٹیک پراڈکٹس کے ساتھ پہلی بار دفاع، ہوا بازی، بحری اور خلائی صنعتوں میں اسٹریٹجک لحاظ سے اہم مصنوعات بھی پیش کی گئی ہیں۔

پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے ساہا ایکسپو کے موقع پر ترکیہ کے وزیر برائے قومی دفاع ہولوسی اکار سے ملاقات بھی کی۔ ترکیہ آرمڈ فورسز کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل کے مطابق چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے ساہا ایکسپو 2022 کے موقع پر پاک فوج کے چیف آف لاجسٹک سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک سے ملاقات کی اور دونوں شخصیات نے دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ترکیہ اور دنیا کے دفاعی اور ایرو اسپیس پلیٹ فارم پروڈیوسر نے ساہا ایکسپو میں سینکڑوں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں(ایس ایم ایز) سے ملاقات کی جو پرزہ جات، آلات اور ذیلی نظام تیار کرتے ہیں۔ ترکی کے مقامی ساخت کے بغیر پائلٹ کے بحری نظام پر ایک خصوصی پینل ڈسکشن بھی منعقد کی گئی جس میں ترکی کے دفاعی ماہرین اور پروڈیوسروں نے حصہ لیا جنہوں نے جدید ترین ٹیکنالوجی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس فورم میں علاقائی، مقامی اور بین الاقوامی دفاعی صنعت کاروں نے شرکت کی، خاص طور پر مقامی نوجوانوں نے جو جدید ترین دفاع، ہوا بازی اور متعلقہ ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ نوجوانوں نے نمائش میں پیش کی گئی تازہ ترین مصنوعات کے بارے میں جاننے میں گہری دلچسپی لی جنہوں نے ساہا ایکسپو کو نئے افکار اور منفرد انداز پر توجہ مرکوز کرنے کا محرک فراہم کیا ہے۔