ساہیوال۔ 04 اگست (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرفر یداللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال، مریضوں کے علاج معالجے کی سہولیات، ڈاکٹرز کی حاضری اور ڈیوٹی روسٹر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیسن سٹور میں ادویات کی دستیابی اور عملے کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کوئی مریض باہر سے ادویات نہ منگوائے۔ انہوں نے ہسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے مانیٹرنگ روم کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیاز احمد مغل نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے بھی دریافت کیا اور ان کی شکایات اور تجاویز کو سن کر فوری بہتری کی یقین دہانی کرائی۔