ساہیوال ،تہذیب و ثقافت کسی بھی خطے کی عالمی سطح پر پہچان ہے ،کمشنر ساہیوال

87

ساہیوال۔ 14 اپریل (اے پی پی):پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل میں صوبے کی تہذیب و ثقافت اجاگر کرنے کے لئے نوجوانوں کے مابین پینٹنگز کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور پنجاب کی ثقافت کے مختلف رنگوں کو کینوس پر بکھیرا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم مہمان اعزاز تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ساہیوال پریس کلب کے صدر محمد شیخ نعیم، نائب صدر میاں وسیم ریاض، جائنٹ سیکرٹری میاں محمد رمضان اور انفارمیشن سیکرٹری محمد ارشد فریدی سمیت آرٹسٹ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مقابلے کے ججز کے فرائض پروفیسر ثمرین وقاص، پروفیسر عمران جعفر، عبدالمتین اور فاطمہ حسین نے انجام دیے جن کے فیصلے کے مطابق فخر زمان، اقصی شیرازی اور محمد شاہیر کی پینٹنگز کو بالترتیب اول، دوم اور سوم قرار دیتے ہوئے انہیں نقد انعام اور سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا کہ تہذیب و ثقافت کسی بھی خطے کی عالمی سطح پر پہچان ہے اور وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکتیں جو اپنی تہذیب بھلا دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ہزاروں سالہ تاریخ کی امین دھرتی ہے جس کے رہن سہن اور رسم و رواج کو پوری دنیا میں روشناس کرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کی طرف سے بنائی گئی پینٹنگز کے معیار کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے شوق کو بھی جاری رکھیں تاکہ ان کی متوازن شخصیت سازی ممکن ہوسکے۔