ساہیوال۔ 10 اپریل (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا وفاقی محتسب کا بنیادی نصب العین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا گڈگورننس کے لئے ضروری ہے اور عوام تک آسان رسائی سے ہی مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال میں وفاقی محتسب کے ریجنل آفس کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ریجنل ایڈوائزر عنائت اللہ دولہ، نائب صدر ساہیوال پریس کلب میاں وسیم ریاض اور ڈپٹی ڈائیریکٹر یاسر ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس، میپکو، لیسکو، ریلوے، ایف آئی اے، کسٹمز، نادرا، پاسپورٹ، ای او بی آئی سمیت تمام وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات سنی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کے لئے عوام کو نہ وکیل کرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی کوئی فیس ادا کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 25ریجنل آفسز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل آفسز کے قیام سے دوردراز علاقوں کے سائلین کو بڑاریلیف ملے گا۔ انہوں نے کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ وفاقی محتسب نے سال2024 میں 2لاکھ 26ہزار سے زائد سائلین کو ریلیف پہنچایا اور 93فی صد درخواستوں پر دادرسی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے نے حکومت پر عوام کے اعتماد کو بحال کیا۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے وفاقی محتسب کو ساہیوال ڈویژن میں عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے اٹھائے گئے انتظامات بارے بتایا۔
ریجنل ایڈوائزر عنائت اللہ دولہ نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن کے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے ریجنل آفس اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سائلین مسائل کے حل کے لئے بے خوف درخواست دیں۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے سول سوسائٹی، ساہیوال چیمبر، وکلاء اور صحافیوں کے وفود سے بھی ملاقات کی اور ریجنل آفس کے قیام کی غرض و غائت بارے تفصیلی آگاہ کیا۔سول سوسائٹی کی جانب سے فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے ساہیوال میں ریجنل آفس کے قیام کا خیر مقدم کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580260