ساہیوال۔ 24 جون (اے پی پی):ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ڈویژن کے نئے کمشنر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے سینئر آفیسر ہیں اور کمشنر ساہیوال تعینات ہونے سے پہلے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ پنجاب تعینات تھے۔
کمشنر آفس پہنچنے پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی نے ان کا استقبال کیا۔
سابق کمشنر شعیب اقبال سید بھی ان کے ہمراہ تھے۔چارج سنبھالنے کے بعد افسران سے غیر رسمی ملاقات میں انہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے اور ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر کے دروازے سائلین کے لیے کھلے رکھیں تاکہ عوامی شکایات کو فوری حل کیا جا سکے۔