چیچہ وطنی۔ 12 ستمبر (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر ساہیوال کے تعلیمی اداروں میں یوم وفات قائد اعظم پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی آف ساہیوال اور گورنمنٹ گریجویٹ گرلز کالج فرید ٹاون میں طلبہ و طالبات نے قائد اعظم کی ملک و ملت کے لئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ یونیوسٹی تقریب میں خود بھی خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح دیانت، جرات اور عزم کا پیکر تھے۔
وہ ایک سچے، کھرے اور باکردار شخصیت کے مالک تھے اور انہی کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے آج ہم آزاد مملکت پاکستان میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اس عظیم شخصیت کی قربانیوں پر غور کریں جنہوں نے پوری زندگی مسلمان ہند کی آزادی کے لئے وقف کر دی۔ تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر، رجسٹرار سید غلام علی اصغر، کنٹرولر امتحانات مبشر سعید، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹرمحمد حسنین، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیئرز ڈاکٹر وسیم طفیل، ڈاکٹر محمد ایوب، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر کے بکھرے ہوئے مسلمانوں کو یکجا کرنا اور مسلم لیگ کے پرچم تلے متحد کرنے والے قائد اعظم محمد علی جناح ہی تھے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کے افکار کو اپنائیں تاکہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پوری توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل کے چیلجز سے نمٹنے کے لئے وہ اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مسلمانوں کے الگ وطن حاصل کیا اور ان کی کمی کو کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستان کو ایک نعمت قرار دیتے ہوئے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ اس نعمت کی قدر کریں اور ان شخصیات کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین فرید ٹاؤن میں بھی 11ستمبر قائداعظم محمد علی جناح کی وفات کے موقع پر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد مسعود فریدی اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پرنسپل سمیرا نسیم،وائس پرنسپل زاہدہ بشیر، سمیعہ مسعود، اجالا کوثر سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے قائد اعظم محمد علی جناح کی عملی زندگی پرروشنی ڈالی اوران پیشہ ورانہ خدمات کوسراہا۔ تقریب کے اختتام پر عظیم رہبر کی ایصال ثواب کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعا بھی کروائی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389483