سبزی منڈیوں میں ہونے والی آکشن کی نگرانی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اور افسران کو زمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ

247
سبزی

سیالکوٹ۔ 13 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ سید اسد رضا کاظمی نے کہا ہے کہ سبزی منڈیوں میں ہونے والی آکشن کی نگرانی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اور افسران کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جس کا مقصد سبزیوں کی طلب اور رسد کا جائزہ لینا اور نیلامیوں کے عمل کو شفاف بنانا ہے اور ان کی قیمتوں کا تعین کرکے پرائس لسٹ کا اجراء ہے جس سے سبزیوں او پھلوں کی قیمتوں کا درست تعین ہوگا اور اس کا فائدہ صارفین کو ہوگا۔

یہ ہدایات انہوں نے آج اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ فیصل احمد اور ڈی او انڈسٹریز راشدہ بتول اور ڈاکٹر شیراز مسعود کے علاوہ اسپیشل مجسٹریٹس نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا نے کہاکہ تمام اسپیشل مجسٹریٹس اپنی حدود میں پرچون کی دکانوں پر پرائس لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کروائیں اور پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے پر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی ایم پرائسسز کی انسپکشن کو زیادہ کریں اور گراں فروشوں کی حوصلہ شکنی کریں ۔ اجلاس میں ضلع سیالکوٹ میں تعینات 42 اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کی 2 ہفتوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ 13روز کے دوران18ہزار258 پرائس انسپکشنز کی گیئں اور گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی،ملاوٹ کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے کی پاداش میں55افراد کو گرفتارکیا اور پرائس ایکٹ کے تحت 10مقدمات کروائے گئے ۔362دکانداروں کو مجموعی طور پر16لاکھ 63ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ انسپکشن کے دوران1699 دکانداروں کو لاسٹ وارننگ جاری کی گئی جبکہ 26دکانوں اور گوداموں کو سربمہر کیا گیا۔