فیصل آباد ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سب کو یکساں تعلیم کے مواقع ملنے چاہئیں ۔ منگل کے روزفیصل آباد میں ایک نجی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سستی بلکہ مفت معیاری تعلیم بنیادی حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی میں 30 ہزار سے زائد بچے اور خواتین شہید ہو چکی ہیں ۔ عالم اقوام کو اس جانب فوری توجہ اور مسئلہ کے حل کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تعلیم کا معیار ایسا ہو کہ امیر اور غریب سرکاری سکولز میں بچے پڑھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ایشوز پہ سیاست کرتے ہیں ذاتیات اور تعصب پہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں کرتے جو بس میں ہو وہ ضرور کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے پاس تعلیم کا 1600 ارب سے زائد کا بجٹ ہے جودرست خرچ ہوجائے تو تعلیم عام ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سکول ٹیچرز کیلئے آئی ٹی کورس لانچ کررہے ہیں اور اے آئی کریکیولم سکھائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم کراچی میں 55 ہزار سے زائد لوگوں کو اسکلز سکھا چکے ہیں اور اب پورے پاکستان میں 10 لاکھ طلبا کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے،ہماری ترجیحات میں ایجوکیشن سب سے بڑی ترجیح ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ5کروڑ 62 لاکھ ایسے بچے جو سکولوں سے باہر ہیں ان کیلئے خصوصی مہم چلائی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہم سب کی اور ریاست کی بھی ذمہ داری ہیں۔انہوں نے یونیورسٹی کے طلباسے کہا کہ اپنے دین پہ فخر کریں۔