مکہ مکرمہ۔18اپریل (اے پی پی):سعودی عرب میں عالم اسلام کی دو مقدس ترین مساجد مسجد الحرام ( مکہ مکرمہ)اور مسجد نبوی ( مدینہ منورہ)میں تقریبا 25 لاکھ افراد نے رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو عشا کی نماز اور تراویح کی ادائیگی کی۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں لوگ عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے پہنچ گئے،دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔
نماز ادا کرنے والوں میں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین شامل تھے۔الحرمین الشریفین انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو ذکر، عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مقامی چینل نے 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
الحرمین الشریفین انتظامیہ کے ترجمان ہانی حیدر نے بتایا کہ27 ویں شب کے انتظامات کی براہ راست نگرانی سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس خود کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر آب زمزم کی تقسیم کے خاص انتظامات کیے گئے ،مطاف میں2 لاکھ سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں، صفا اور مروہ کے درمیان تحائف کے200بیگ تقسیم کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ معمر اور معذورزائرین کے لیے 3 ہزار الیکٹرانک ویل چیئرز فراہم کی گئی تھیں جن کے لیے چار دروازے مختص تھے۔