ستا ئیس اکتوبر یوم سیاہ، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا خصوصی پیغام

218
Qamar Zaman Kaira

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، 27 اکتوبر کا دن ہم یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، تاریخ میں آج کے دن بھارت نے اپنی قابض افواج کے ذریعے کشمیر پر حملہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں کے خلاف ظلم و جبر کی ایسی داستان شروع ہوئی جو آج بھی جاری ہے، بھارت نے ہر آنے والے دن مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر میں اضافہ کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دہائیوں کے اس سفر میں کشمیروں کے عزم و ہمت اور آزادی کی تڑپ میں کوئی کمی نہیں آئی، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کشمیر کی آزادی مکمل کرنے کا مقدمہ پاکستان کی آزادی مکمل کرنے کا مقدمہ ہے۔

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اور ہر فرد اس مقدمے کو اپنے دل کے بہت قریب رکھتا ہے، کشمیریوں نے اپنے حقوق کے لیے خون سے بھی بڑھ کرقربانیاں دی ہیں، بھارت کشمیریوں پر دنیا کے جبر کے تمام ہتھیار آزما چکا ، وہ کشمیریوں کے جذبے کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انشاللہ ہمارے کشمیری بھائی جلد اپنا حق خودارادیت حاصل اور اپنی منزل کا فیصلہ خود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو اس مسئلے کو دنیا کے فورمز پر سرفہرست رکھتے ہیں۔ مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ ہم دنیا کی رائے عامہ کو ہموار کرنے اور انسانی حقوق کے اداروں کو جگانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔