
پتوکی۔ 04 دسمبر (اے پی پی):0 7سال بعد سکھ فیملی کا وفد اپنا آبائی گھر دیکھنے کے لیے پھولنگر پہنچ گیا ،گھر دیکھ کر فیملی نے خوب خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان کے لوگوں کو مہمان نواز قرار دے دیا۔قیام پاکستان کے بھارت جانے والی سکھ فیملی 70 سال بعد پاکستان پہنچی
، سکھ فیملی نے بابا گرونانک کے جنم دن کی مذہبی تقریب ننکانہ صاحب میں رسومات ادا کیں جس کے بعد اپنا آبائی گھر دیکھنے کے لیے پھولنگر پہنچی اورگھر ملنے پر خوب خوشی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر سکھ فیملی کے سربراہ سردار بلدیو سنگھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنا پرانا گھر دیکھ کر بچپن کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ مجھے لگ رہا ہے میرے ماتا پتا ابھی یہاں ہیں ۔ بھارت نہیں گئے۔
یہاں جو پیار محبت ہمیں ملا ہے ہم ساری زندگی نہیں بھول سکتے۔ سکھ خواتین نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ملی ،پاکستان کے لوگوں نے جس طرح مہمان نوازی کی جو پیار اور محبت دیا ہمیشہ یاد رکھیں گے، بعد ازاں سکھ وفد پھول نگر میں موجود اپنا قدیمی گوردوارہ دیکھنے گئے جہاں مقامی افراد نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔