شیخوپورہ ۔ 18 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”ستھرا پنجاب” انقلابی منصوبے کے تحت ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔
ضلع بھر صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں جو کہ ضلع کے شہروں کی طرح قصبوں اور دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنا رہی ہیں ۔ صفائی ٹیموں کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز ، لوکل گورنمنٹ اور میونسپل اداروں کے افسران صفائی ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی موبلائزیشن اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔کنٹریکٹرز مشینری اور انسانی وسائل کے چیلنجز ٹھیک کر لیں ۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ عوام کو صفائی کی معیاری سہولیات فراہم کرنا وزیراعلی مریم نواز کا ویژن ہے۔