سیالکوٹ۔20مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم کے انچارج آصف محمود نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ستھرا پنجاب پروگرام صرف صفائی کی ایک مہم نہیں بلکہ شہری تربیت، شعور اور طرزِ زندگی میں بہتری لانے کی ایک تحریک ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم کے انچارج آصف محمود نے سی ای او سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کاشف نواز کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سیالکوٹ میں جاری صفائی سرگرمیاں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم کے انچارج آصف محمود نے مختلف دکانداروں، رکشہ ڈرائیوروں، سکولوں کے طلبہ وطالبات اور انجمن تاجران کے عہدیداران سے صفائی ستھرائی کے بارے میں تفصیلاً پوچھا اور سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاباش دی۔
سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کا انقلابی منصوبہ ہے جس کے تحت سیالکوٹ یونین کونسل اور دیہی علاقوں میں صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کو دیانتداری اور محنت سے آگے بڑھارہے ہیں۔ شہر کی یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر کوڑا کرکٹ جمع کیا جا رہا ہے۔ستھرا پنجاب محض ایک پالیسی نہیں بلکہ ایک عزم، ایک وژن ہے جو پنجاب کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599441