گوجرانوالہ۔ 17 مارچ (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے اور مشینری کی کمی کو جلد پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزید تجاوزات کے خاتمے کیلئے باقاعدگی سے آپریشن جاری رکھا جائے، شہروں کی گلیوں اور محلوں میں صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ویڈیو لنک میٹنگ کے بعد ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کمشنر دفتر اور ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک سے منسلک تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق، اے سی جی فرخ محمود جنجوعہ، ڈی جی پی ایچ اے نعمان حفیظ، ڈی جی جی ڈی اے، سی اوز جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس جوتہ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن حیدر علی چٹھہ، ضلع کونسل خرم محمود، ایم ڈی واسا فیصل شوکت، اے ڈی پی ایچ اے راشد چٹھہ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شرکت تھے۔
کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ بازاروں میں تجاوزات کے مسئلے کے حل کیلئے ٹریفک پولیس اور بلدیہ کے عملہ کی مستقل ڈیوٹی لگائی جائے اور گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہئے اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کیا جائے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو ہدایت کی کہ پسرور روڈ پر صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لاتی ہوئے اس کی کڑی نگرانی کریں اور سڑک کے قریب جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر ختم کروائے جائیں۔ اس سلسلے میں کنٹریکٹر کو سختی سے پابند کریں کہ وہ روڈ کو صاف رکھنے کے لئے سٹاف تعینات کرے بصورت دیگر اسکی پیمنٹ بند کر دیں۔
انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے نظام کو خود مانیٹر کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا بنا کر اس کی خوبصورتی میں مزید بہتری لائی جاسکے۔