ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیل بہاولپور کے سالڈ ویسٹ آؤٹ سورسنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

70

بہاولپور۔ 27 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شروع کئے گئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیل بہاولپور کے سالڈ ویسٹ آؤٹ سورسنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری بورڈ آف ریونیو پنجاب میاں محمد شعیب اویسی نے سالڈ ویسٹ آؤٹ سورسنگ سسٹم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر سیاسی رہنما، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور صدر، سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور کمپنی کنٹریکٹرز سرور اینڈ کمپنی کے افسران و سینیٹری سٹاف تقریب میں موجود تھے۔

میاں محمد شعیب اویسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید مشینری،افرادی قوت میں اضافہ اور منظم حکمت عملی سے تحصیل بہاولپور کے شہری و دیہی علاقوں میں موجود کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کی تلفی بہتر انداز میں ہوسکے گی اور علاقہ مکینوں کو روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کی خدمات کی فراہمی سے صحت مند ماحول میسر آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ کے لوگ بھی صفائی ستھرائی کے انتظامات میں بہتری کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں ستھرا پنجاب کے تحت صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری لانے کے حوالہ سے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں جس کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کی یکساں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔قبل ازیں سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شرکائے تقریب کو ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔