ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ٹیکسلا میں صفائی سروسز کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

81

راولپنڈی۔ 17 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ٹیکسلا میں صفائی سروسز کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے گزشتہ روز شہنشاہ میرج ہال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبر پنجاب اسمبلی محسن ایوب، سابق ایم پی اے حاجی عمر فاروق تھے۔اسسٹنٹ کمشنر ٹیکسلا زریاب ساجد، سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر،ملک عبدالرزاق ایڈوکیٹ،مسلم لیگ (ن )ٹیکسلا کے صدر فیاض تنولی، سابقہ بلدیاتی نمائندے اور دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن ایوب نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا مقصد پنجاب کے شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے، اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف شہروں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی مہم میں حکومت کا کردار تو اہم ہے ہی لیکن عوام کا تعاون بھی بہت ضروری ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں اور اپنے گھروں، دفاتر اور کاروباری مقامات پر صفائی کے اصولوں کو اپنائیں، اس پروگرام کے ذریعے صفائی کی خدمات کی آؤٹ سورسنگ ایک نہایت اہم اقدام ہے جس سے نہ صرف خدمات کی معیار میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے بہتر اور تیز تر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس منصوبے کے کامیاب نفاذ کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف صفائی کے نظام میں بہتری لائے گا بلکہ اس کے ذریعے ایک نیا نظام قائم کیا جائے گا جو شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی توجہ ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور صفائی کے نظام کو مضبوط بنانے پر مرکوز رہے گی

تاکہ پنجاب کو ایک صاف، سبز اور صحت مند صوبہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے تحت ہونے والی اصلاحات نہ صرف ٹیکسلا بلکہ پورے پنجاب میں صفائی کے معیار کو بلند کریں گی اور عوام کی زندگی میں بہتری لائیں گی۔سابق ایم پی اے حاجی عمر فاروق نے کہا کہ حکومت اور عوام دونوں کو اس مہم کا حصہ بننا ہوگا تاکہ اس کی کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے تقریب کے شرکاء کو صفائی سروسز کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد صفائی کے نظام میں بہتری لانا اور وسائل کی مناسب تقسیم ہے، اس کے ذریعے، صفائی کی خدمات کو موثر اور معیاری بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر اور تیز خدمات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے کاموں کی نگرانی کریں گی۔فیاض تنولی نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی اور ماحول کی بہتر حالت شہریوں کی صحت پر بھی مثبت اثر ڈالے گی۔ کنٹریکٹرز کے نمائندے میاں حیدر نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں اپنے تمام وسائل اور محنت کو بروئے کار لائیں گے۔