تہران۔26جون (اے پی پی):ایران نے سعودی عرب کی حج سیزن 2025 کے دوران حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کی تعریف کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق یہ بات ایرانی حج اور زیارت کے ادارے کے سربراہ علی رضا بیات نے گزشتہ روز بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ رواں حج سیزن تمام مراحل میں غیرمعمولی معیار اور خدمات کے باعث بہترین رہا ہے۔
انہوں نے سعودی حکام کی طرف سے ایئرٹرانسپورٹیشن، مقدس مقامات پر کراوڈ کنٹرول اور ہیلتھ کیئر کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حجاج اور زائرین کی خدمت کے لیے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔ قبل ازیں ایران کے قونصل جنرل حسن زرنکار نے ایرانی حجاج کی واپسی کے مراحل کو آسان بنانے اور سعودی قیادت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کرنے کی تعریف کی ۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہاکہ حجاج کی واپسی کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے مثالی انتظامات کئے گئے جن کے جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
ایرانی حجاج کو مملکت میں مثالی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں ایئرپورٹ پر اترنے سے لے کر فوری امیگریشن سروسز و دیگر خدمات شامل ہیں۔ قونصل جنرل نے اپنی اور ایرانی سفیر کی جانب سے مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جن کی جانب سے ایرانی حجاج کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اداروں کو فوری ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزارت حج و عمرہ کو مملکت میں موجود ایرانی حجاج کی باحفاظت واپسی تک تمام ممکنہ سہو لیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ایرانی حجاج کو عرعر بارڈر کراسنگ کے ذریعے واپس بھیجا جا رہا ہے۔