سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو سے نائیجیرین مسلح افواج کے چیف آف ڈ یفنس اسٹاف کی ملاقات

84

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):نائیجیرین مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلونئے اونینیوچیا ایرابور نے سربراہ پاک فضائیہ ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور حالیہ برسوں میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی کامیابیوں کا اعتراف بھی کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ معزز مہمان نے پاکستان سےحاصل کئے گئے JF-17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ JF-17 طیارے اپنی کثیر الجہتی جنگی لاحیتوں کی وجہ سے نائجیریا کی سیکورٹی کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک بہترین اثاثہ ثابت ہوں گے۔

دونوں معززین نے تربیت اورخود انحصاری سمیت دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے مختلف امور پربھی تبادلہ خیال ہوا۔