اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے کمانڈر مسلح افواج ہنگری لیفٹیننٹ جنرل رومولوس روسزین زیندی نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق کمانڈر مسلح افواج ہنگری نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پی اے ایف کی طرف سے گذشتہ سالوں میں بالخصوص خود انحصاری کے میدان میں ہونے والی غیر معمولی پیشرفت کو سراہا۔
ایئرچیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور ہنگری فضائیہ کےمابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں معززین نے تربیت اورخود انحصاری سمیت دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے مختلف امور پربھی تبادلہ خیال ہوا۔