ویانا۔28اکتوبر (اے پی پی):سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ اور میزبان ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ ڈومینک تھیم ویانا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ روس کے کیرن خچانوف رائونڈ 32 کے میچ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ آسٹریا کے دارلحکومت ویانا میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز رائونڈ 32 میچ میں سربیا کے ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ہم وطن ٹینس سٹار فلپ کریجینوویک کو ٹائی بریک پر 6-7(6-8) اور 3-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ 33 سالہ سرب ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ 2011 ، 2012 ، 2014 ، 2015 اور 2018 میں پانچ مرتبہ سیزن کے اختتام پر سرفہرست کھلاڑی رہے ہیں ۔ایک اور میچ میں آسٹریا کے ڈومینک تھیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوکرین کے حریف کھلاڑی ویٹالی ساچکو کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6اور 5-7سے شکست دیکر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔