سردارایاز صادق سے سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال

4

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ جنگی حالات دنیا بھر کے لیے باعثِ تکلیف ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف یہ ہے کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، دنیا کو امن کی ضرورت ہے اور عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی شوریٰ کونسل میں قائم سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے ان کی خصوصی دعوت پر اتوار کواسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

سعودی وفد کی قیادت سعودی-پاک پارلیمانی فرینڈشپ کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی کر رہے تھے، جب کہ وفد میں سعودی شوریٰ کی اراکین ڈاکٹر ایمان بنت عبدالعزیز الجبرین اور انجنیئر سالم بن علی الشہرانی شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف اور اراکین قومی اسمبلی مجاہد علی، سید حفیظ الدین، شاہدہ بیگم اور شگفتہ جمانی بھی شریک ہوئے۔سپیکر قومی اسمبلی نے سعودی وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ان کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کے تسلسل کا مظہر قرار دیا۔

ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایاز صادق نے دونوں ممالک کے پارلیمانوں کے مابین قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے وفود کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس طرح کے روابط دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے حج کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کیے گئے مثالی انتظامات پر سعودی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سپیکر نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب، اخوت، بھائی چارے اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب سے محبت، عقیدت اور احترام کا گہرا تعلق رکھتے ہیں۔

ایازصادق نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے اور قومی اسمبلی میں قائم پاک-سعودی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے مابین ہم آہنگی کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔سعودی وفد کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن بن سنہت الحربی نے سپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے دی گئی دعوت اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ملاقات کے دوران مسلم امہ کے اتحاد، خطے میں امن و ترقی اور مشترکہ پارلیمانی کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں جانب سے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کی مضبوطی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیا، جس سے مستقبل میں باہمی تعاون کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔