اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شنگھائی تعاون کی تنظیم (ایس سی او)سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایس سی اواجلاس کا پاکستان میں انعقادملک کیلئے اعزاز اور سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کا کامیاب انعقاد پاکستان کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے، اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کی شاندار سجاوٹ اور وفود کے پرتپاک استقبال سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے،اجلاس کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو پتہ چلا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایس سی او میں شرکت کرنے والے تمام ممالک کو پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے خلوص اور محبت کا پیغام ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس سی اواجلاس کا کامیاب انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان کسی بھی بڑے ایونٹ کی میزبانی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے شنگھائی تعاون تنظیم کے شاندار انعقاد کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔