اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تربت کے علاقے ڈھنگ میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہاکہ شرپسند عناصر کی دہشتگردانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نےجاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔