اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردحملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ہفتہ کو جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے 13 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔سپیکر نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہمیں اپنی مسلح افواج اور ان کے جانباز جوانوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بہادر جوانوں کی موجودگی میں دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔سپیکر قومی اسمبلی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی ، شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دُعا کی ۔