سردار ایاز صادق کی قلات میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

144
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ایشین ایتھلیٹکس میں کامیابی پر ارشد ندیم کو مبارکباد

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 18 بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایاز صادق نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں مختلف آپریشنز کے دوران 23دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جراتمندانہ کارروائی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، مگر ایسے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ملک میں امن و استحکام خراب کرنے والے عناصر کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔