اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چوہدری شجاعت حسین کو پاکستان مسلم لیگ ق کا بلا مقابلہ صدر اور چوہدری سالک حسین کو سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نےپاکستان مسلم لیگ کی نو منتخب قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کا پاکستان مسلم لیگ ق کا صدر منتخب ہونا پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کا ان پرمکمل اعتماد کا اظہار ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے چوہدری شجاعت حسین کی سیاسی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک کہنہ مشق، زیرک اور دور اندیش سیاسی رہنما ہیں،چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے،چوہدری شجاعت حسین نے ملک کی تعمیر وترقی کی سیاست کی ہے۔انہوں نےطارق حسین کو پاکستان مسلم لیگ ق کا مرکزی سیکرٹری جنرل، چوہدری شافع حسین کو سیکرٹری جنرل پنجاب سمیت پاکستان مسلم لیگ کے دیگر نو منتخب عہدیداران کو بھی مبارکباد دی۔سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ کے نومنتخب عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581146