کوئٹہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ میں ایک اہم ووٹر آگاہی سیشن منعقد ہوا ۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے طالبات کو انتخابات کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے یہ سیشن منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی انتخابی عمل میں شرکت نہایت اہم ہے اور اس عمل میں یونیورسٹیاں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ علی اصغر سیال نے کہا کہ نوجوانوں، بالخصوص طالبات کی متحرک شرکت نہ صرف انتخابی عمل کو مؤثر بنا سکتی ہے بلکہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن میں موجود خلا کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اپنا ووٹ رجسٹر کروائیں اور انتخابات میں بھرپور حصہ لیں تو اس سے ووٹر ٹرن آؤٹ میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے عمل میں سرگرمی سے حصہ لیں اور جمہوریت کے سفیر بنیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبات کو چاہیے کہ وہ نہ صرف خود ووٹ کا اندراج کروائیں بلکہ اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی اس قومی فریضے کی ادائیگی کے لیے شعور دیں تاکہ ایک مضبوط اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ یہ ووٹر آگاہی سیشن سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں اور خواتین کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر الیکشنز عبداللہ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نعیم احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشنز عالیہ نظر نے بھی طالبات سے خطاب کیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آئینی کردار اور انتخابی نظام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے طالبات کو ووٹر رجسٹریشن کے مراحل، انتخابی فہرستوں میں اندراج، اور شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال اور وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے ایک دوسرے کو یادگاری شیلڈز کوبھی پیش کیں ۔