اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے پاکستان کے دورے پر آئے تاجکستان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق تاجکستان کے وفد کی قیادت میجر جنرل نذیر زودہ ساوزعلی کر رہے ہیں جو کہ حکومتِ تاجکستان کے تحت ایجنسی برائے خصوصی املاک کے سربراہ ہیں۔
وفد کے اعزاز میں ایک عشائیہ وزیرِاعظم کے قومی کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان کی جانب سے دیا گیا جس میں پاکستان میں تاجکستان کے ناظم الامور سیدجان شفیع زودہ، دفاعی اتاشی اور فوجی فوڈز کے ایگزیکٹو مینجمنٹ نے شرکت کی۔اس موقع پر تاجکستان کو ممکنہ برآمدات سے متعلق مصنوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے سردار یاسر الیاس خان کو اکتوبر میں ہونے والی اپنی سیاحت ایکسپو میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی اور اس شعبے میں ان کے تجربے سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔علاوہ ازیں سردار یاسر نے لاہور اور کراچی کی مختلف صنعتوں سے وفد کا رابطہ کروانے میں معاونت کی۔یہ اقدام پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستانی برآمدات میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔