سردی کی آمد اوررات کو پڑنے والی اوس کی وجہ سے دودھیل جانوروں میں دودھ کی پیداوار میں کمی سے بچنے کے لیے حفاظتی انتظامات کیے جائیں، ڈاکٹرانعام علی اطہر

265
Livestock
Livestock

سیالکوٹ۔19اکتوبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹرڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو سردی اور اوس سے محفوظ رکھیں اور انہیں تازہ چارہ کھلانے سمیت دن میں کم از کم دو مرتبہ پانی بھی پلائیں،بدلتے ہوئے موسم کے باعث جانوروں کو اوس اور سردی سے بچائیں اور رات کو جانوروں کو شیڈز میں باندھیں جہاں تازہ ہوا کی آمد و رفت ہو جبکہ سبز چارے میں بھوسے کا استعمال کم سے کم کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سردی کی آمد اوررات کو پڑنے والی اوس کی وجہ سے دودھیل جانوروں میں دودھ کی پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے اور جانوروں کے امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ بھی ہوتا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائیریکٹر محکمہ لائیو سٹاک نے مزید کہا کہ غیر نسلی ا ور کم دودھ دینے والی دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے فربہ جانور حاصل کئے جا سکتے ہیں، بڑے معیاری گوشت کے حصول کیلئے محکمہ کی ہدایات پر عمل اور جانوروں و مویشیوں کو کرم کش ادویات کی فراہمی بھی ضروری ہے تاکہ صحت مند جانوروں کے زریعے صحت مند گوشت کا حصول یقینی ہو سکے۔