دریاخان ۔ 18 مئی (اے پی پی):سرزمین پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے آبادی اور وسائل کے توازن کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے، اس سلسلہ میں شرح آبادی کو کم ازکم سطح پر رکھ کر معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات سی ای او محکمہ صحت و آبادی ضلع بھکر ڈاکٹر مظہر عباس خان کی ہدایت پر منعقدہ آگاہی سیشن بعنوان ” آبادی اور ترقی”بمقام یونین کونسل بڑنگہ تحصیل دریاخان میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسرمحمد رمضان اعوان نے کہی۔
انہوں نے کہا کہ سیشن کابنیادی مقصد خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے خواتین اور بچیوں کے حقوق،صنفی مساوات، زچگی کے دوران عورت کی صحت اور انسانی حقوق کی اہمیت کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے۔تیز رفتاری کیساتھ ملک کی بڑھتی آبادی بے شمار مسائل کا پیش خیمہ ثابت ہورہی ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق صرف صوبہ پنجاب کے محدود وسائل کے مقابلے میں آبادی کے بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے آبادی کے بڑھتے ہوئے اس رجحان کی بدولت معاشرے میں تیزی سے غربت پھیل رہی ہے اور وسائل کی عدم دستیابی لاقانوننیت ،بے روزگاری،فضائی آلودگی،پانی کی قلت،ٹرانسپورٹ کی کمی، صحت کے منصوبوں کا فقدان ، بڑھتا ہوا درجہ حرارت ،زچہ و بچہ کی اموات جیسے سینکڑوں سنگین مسائل کو جنم دے رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پائیدار سماجی ترقی، خاندانی منصوبہ بندی کی بہتر سہولیات، اور تولیدی صحت کی بہترخدمات کے لئے محکمہ صحت و آبادی پنجاب اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مرتب کردہ جامع پلان پر عمل پیرا ہے۔
محکمہ صحت و آبادی پنجاب کا پیش کردہ” متوازن خاندان خوشحال پاکستان "کے نظریہ کا مقصد یہ ہے کہ چادر دیکھ کر پاؤں پھیلائے جائیں اور اپنے وسائل کو مد نظر رکھ کر بچے پیدا کئے جائیں تاکہ ماں اور بچے دونوں کی صحت اچھی رہے تاکہ ایک خوشحال خاندان پروان چڑھ سکے۔
خوشحال معاشرے کے اس خواب کو حقیقت کی تعبیر دینے اور عوام کی سہولت کے لیے محکمہ سروس ڈیلیوری یونٹس کے ذریعے وسائل اور آبادی میں توازن، زچہ و بچہ کی صحت، خاندانی منصوبہ بندی کی محفوظ اور موثر سہولیات، پیدائش میں مناسب وقفہ ، متوازن غذا ، ذہنی مسائل اور تولیدی صحت کا پیغام اور طبی خدمات ہر گھر کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
جہاں محکمہ محدود وسائل میں بھی خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے وہاں بحیثیت ایک ذمہ دار شہری ہمیں بھی اس عہد کی ضرورت ہے کہ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا بھرپور ادا کریں گے جہاں پر زچہ بچہ کی شرح اموات میں کمی لائی جا سکے گی، لڑکیوں اور خواتین کے حالات میں بہتری کی بدولت ان کے حقوق کا بھرپور خیال رکھا جا پائے گا۔ تمام شہریوں کے لیے باوقار زندگی، قومی بہبود اور سلامتی ہم سب کا اولین مقصد ہونا چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598422