کراچی۔ 09 دسمبر (اے پی پی):سرسید پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی کمپنی کی آڑ میں لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر لوٹنے والے 4مبینہ ملزمان کوگرفتارکرلیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں توقیر زیدی ولد ثمر حسین، عمیر علی ولد انور علی، سعید احمد ولد محمد وریام اور فیضان ولد محمد شامل ہیں۔گرفتار ملزم توقیر زیدی جعلی کمپنی کا مالک اور فراڈ گروہ کا سرغنہ ہے ،ملزمان سرسید کی حدود سیکٹر 11۔اے میں جعلی (جی ایف بی ایس)نامی کمپنی کی آڑ میں سادہ لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر بلاتے اور بے روزگار نوجوان مردو خواتین نوکری حاصل کرنے کے لئے انکو رقم ادا کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان رقم وصول کرنے کے بعد انہیں مزید ایسے لوگوں کو لانے پر کمیشن کا لالچ دیتے اور لوگوں کو نہ لانے کی صورت میں انکی جمع شدہ رقم واپس نہ کرنے کی دھمکی دیتے تھے ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیاہے۔