کراچی۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے کہا ہے کہ سرفراز احمد سمیت جو بھی کرکٹر پرفارم کرے اسے قومی ٹیم میں شامل کرنا چاہیے۔
انہوں نے پیر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اوور40 گلوبل کرکٹ کپ کے فائنل کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی ڈی کیٹیگری میں نہیں بلکہ اے یا بی میں کیٹیگری میں ہونا چاہیے تھا اور اسے تو ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی شامل کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے اوور40 گلوبل کرکٹ کپ کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک ٹیم ورک تھا جس کی وجہ سے گلوبل کپ کامیاب ٹورنامنٹ رہا۔ ندیم عمر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارے میں اپنی گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل پاکستان سے باہر نہیں جائیگا اور اس کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔