سرفراز احمد کو نسل پرستانہ جملہ کہنا مہنگا پڑ گیا، 4 انٹرنیشنل میچز کی پابندی کا سامنا

49

دبئی۔ 27 جنوری(اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر آئی سی سی نسل پرستانہ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر چار انٹرنیشنل میچز کی پابندی عائد کر دی، پابندی کے باعث سرفراز جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے آخری دو میچز اور شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی دو میچز سے باہر ہو گئے، سرفراز نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم کے کھلاڑی اینڈائل فیلکوایو کے خلاف نسل پرستانہ جملہ کسا تھا۔ اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستانی قائد سرفراز احمد کو آئی سی سی کے نسل پرستانہ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر 4 میچوں کیلئے معطل کیا گیا ہے، معطلی کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے آخری دو میچز اور اس کے بعد شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی دو میچز نہیں کھیلیں گے۔